صارفین کیلئے فیس بک کی نظر سے بچنا ناممکن



( 24 نیوز ) سوشل میڈیا صارفین پرائیویسی کے حوالے سے ہمیشہ ہی محتاط رہتے ہیں اور اب انکشاف ہوا ہے کہ فیس بک اپنے صارفین کی ہر حرکت پر نظر رکھتا ہے چاہے وہ اپنی لوکیشن بند ہی کیوں نہ کردیں۔

سائنس اور ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ادارے گزموڈو نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ فیس بک صارف اپنے موبائل میں لوکیشن بند کرنے کے باوجود فیس بک کی نظر سے نہیں بچ سکتا، فیس بک آئی پی ایڈریس کی مدد سے صارف کی لوکیشن کے بارے میں معلومات رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صارف کا آئی پی ایڈریس انٹرنیٹ کمپنیوں کو اس کی رہائش کے مقام، شہر، ریاست اور زپ کوڈ کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔

یہ معلومات پھر مختلف کمپنیاں صارف کی لوکیشن، عمر، دلچسپی اور صنف کو دیکھتے ہوئے اشتہارات کے لیے استعمال کرتی ہیں اور فیس بک بھی ایسا ہی کر رہا ہے۔گزموڈو کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر صارف اپنی لوکیشن ظاہر نہ کرنے کا خواہشمند ہے تو اپنے موبائل فون سے فیس بک ایپلی کیشن ڈیلیٹ کردی جائے۔

فیس بک صارف کے وائی فائی سے اس کی لوکیشن نہیں لیتا بلکہ اس کے لیے آئی پی ایڈریس اور چیک ان یا پروفائل میں دیے گئے شہر سے معلومات حاصل کر کے صارف تک اشتہارات پہنچائے جاتے ہیں۔

Malik Sultan Awan

Content Writer