نواز شریف کیخلاف 2 ضمنی ریفرنسز سماعت کے لیے مقرر


اسلام آباد(24نیوز)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے دائر 2 ضمنی ریفرنسز سماعت کے لیے مقرر کردیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا تھا۔
عدالت نے ضمنی ریفرنسز پر اعتراضات مسترد کر کے اسے عبوری ریفرنس کا حصہ بنا دیا تھا جن پر سماعت 22 فروری کو ہوگی،سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث دلائل دیں گے اور اسی روز اعتراضات بھی سنے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 22 فروری کو ہی ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت ہوگی جس کے لئے نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ سردار مظفر عباسی لندن پہنچ گئے جن کی موجودگی میں 2 غیرملکی گواہوں کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
نیب کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنسز میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف تمام اثاثوں کے خود مالک تھے اور انہوں نے اثاثے اپنے بچوں کے نام بنا رکھے تھے اور ان کے بچے نواز شریف کے بے نامی دار تھے۔