سابق عالمی کرکٹر عامر حنیف کے بیٹے کی خودکشی


کراچی(24نیوز) سابق انٹرنیشنل کرکٹر عامر حنیف کے بیٹے محمد زریاب نے مبینہ طور پر ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔
عامر حنیف کے مطابق ان کا بیٹا انڈر 19 ٹیم میں کھیل چکا تھا اور زائد العمر قرار دیئے جانے پر دلبرادشتہ تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور میں ہونے والے انڈر 19 ٹورنامنٹ میں محمد زریاب نے کراچی کی نمائندگی کی تھی، اس دوران انجری کے باعث انہیں واپس بھیج دیا گیا تھا اور کوچز نے کہا تھا کہ انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا، جس پر دلبرداشتہ ہوکر محمد زریاب نے گذشتہ رات خودکشی کرلی۔
محمد زریاب کے والد عامر حنیف نے الزام عائد کیا کہ 'ان کے بیٹے کو اتنا پریشرائز کیا گیا کہ وہ خودکشی پر مجبور ہوگیا،ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ 'میرا بیٹا تو چلاگیا لیکن دوسروں کے بیٹوں کو بچایا جائے'۔
یاد رہے محمد زریاب، عامر حنیف کا بڑا بیٹا اور فرسٹ ایئر کا طالب علم تھا،دوسری جانب محمد زریاب کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی،پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں