سینیٹ انتخابات، چاروں صوبوں کے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری


اسلام آباد(24نیوز)الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لئے چاروں صوبوں کے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دی ہیں۔ سندھ سے33،پنجاب سے20، بلوچستان سے25امیدوار جبکہ خیبرپختونخوا سے 27 امیدوار میدان میں ہیں۔

تفصلات کے مطابق پنجاب کی 7 جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر آصف کرمانی، رانا مقبول ، رانا محمود الحسن، شاہین خالد بٹ ،زبیر گل ،ہارون اختر خان ، مصدق ملک ،پیپلز پارٹی کے شہزاد علی خان پی ٹی آئی کے چوہدری سرور، مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

 ٹیکنو کریٹ نشستوں پر مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار، حافظ عبدالکریم، نصیر احمد بھٹہ، پی ٹی آئی کے ملک آصف جاوید، پیپلز پارٹی کے محمد نوازش علی خان مد مقابل ہوں گے ۔

 خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی عندلیب عباس، مسلم لیگ ن کی نزہت صادق اور سعدیہ عباسی امیدوار ہیں ۔اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے کامران مائیکل اور پی ٹی آئی کے وکٹر عذرایا میں مقابلہ ہوگا

سندھ میں دس امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لیئے ہیں۔سندھ میں ایم کیو ایم کے فروغ نسیم نے ٹیکنو کریٹس کی نشست سے کاغذات واپس لیے جبکہ نو آزاد امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی واپس لیئے ۔سندھ کی 12 نشستوں پر کل 33 امیدوار دوڑ میں شامل ہیں۔ سندھ سے پیپلز پارٹی کے رضا ربانی، مصطفی کھوکھر اور مرتضی وہاب شامل ہیں۔

ایم کیو ایم کے کامران ٹیسوری، فروغ نسیم،احمد چنائے، ڈاکٹر صغیر ، نسرین جلیل ، نگہت شکیل بھی سندھ سے سینیٹ انتخاب لڑنے والوں میں شامل ہیں۔

خیبر پحتونخوا میں جنرل نشست کے لیے جے یو آئی س کے سربراہ مولاناسمیع الحق اورعبدالواسع نے کاغذات واپس لیے، صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق مولانا سمیع الحق ٹیکنوکریٹ کی نشست پرالیکشن لڑیں گے ،جنرل نشست سے حاجی دلدار خان ، محمد قاسم شاہ اور ٹیکنوکریٹس کی نشست سے عبداللطیف یوسفزئی نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیئے۔خیبر پختونخواہ سے 27 حتمی امیدواروں میں مولانا سمیع الحق ، فیصل جاوید، اعظم سواتی ، صابر شاہ، فیصل سخی بٹ شامل ہیں۔

حتمی فہرست کے مطابق بلوچستان سے پچیس امیدوار سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ فاٹا کی چار نشستوں کے لیے 24 امیدوار شامل ہیں۔ ٹیکنوکریٹس کی نشست سے نیشنل پارٹی کے ناظم دین دستبردار ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں سینیٹ کی 52 نشستوں پر پولنگ تین مارچ کو ہوگی۔