لاڑکانہ:ویمن ڈگری کالج میں سیوریج کا گندا پانی جمع ، تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا محال


لاڑکانہ(24نیوز) ویمن ڈگری کالج میں سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے سے طالبات کیلئے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا محال ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کی غفلت سے کالج کی عمارت کو بوسیدہ ہورہی ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقہ باڈہ کو گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ہے۔ دور دراز علاقوں سے طالبات یہاں تعلیم حاصل کرنے آتی ہیں۔ کروڑوں کی لاگت سے کالج تو تعمیر ہوگیا لیکن صورتحال یہ ہے کہ سیوریج کا گندا پانی کالج میں جمع ہے۔ جس سے کالج کسی جوہڑ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں طالبات کیلئے تعلیم پر توجہ دینا ناممکن ہوگیا ہے۔ تعفن اور گندگی سے طالبات اور اساتذہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ گندے پانی کی وجہ سے عمارت کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب کالج انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کئی بار ضلعی انتظامیہ کو شکایت کی لیکن ابھی تک صورتحال پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ کالج انتظامیہ نے ایک بار پھر ٹوئنٹی فور نیوز کی وساطت سے حکام سے اپیل کی ہےکہ کالج سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کا فوری طور پر انتظام کیا جائے۔