سام سنگ گلیکسی ایس 9، ایس 9 پلس رواں ہفتے متعارف کرائے جائیں گے


ویب ڈیسک: سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 9 رواں ہفتہ کے آخر میں منظرعام پر آنے والا ہے مگر لگتا ہے کہ ایسا کوئی فیچر نہیں بچا جو کمپنی کی جانب سے اس ڈیوائس کو باضابطہ طور پر متعارف کرانے پر لوگ جان سکیں گے۔

25 فروری کو گلیکسی ایس نائن اور ایس نائن پلس بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرائے جائیں گے۔

ایس نائن پلس (6.2 انچ ڈسپلے کے ساتھ) میں بارہ میگا پکسل کا ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا جارہا ہے جو اسے 5.8 انچ کے اسٹینڈرڈ ایس نائن کے مقابلے میں زیادہ بہتر بنائے گا، کیونکہ امکان ہے کہ ایس نائن میں سنگل کیمرہ ہی بیک پر دیا جائے گا۔

ایسا پہلی بار ہوگا کہ سام سنگ کی جانب سے ایس سیریز کے فونز میں کیمروں کا فرق ہوگا جو عام طور پر آئی فونز میں دیکھنے میں آتا ہے۔

اسی طرح اس نئے فلیگ شپ فون کے کیمروں کے فیچرز بھی سامنے آئے ہیں۔

صارفین کو ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ میں ایف 1.5 اور ایف 2.4 آپرچرز پر سوئچ کرنے کا آپشن دیا جائے گا جس کا انحصار ان کی جانب سے لی جانے والی تصویر پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: فیس بُک نے صارفین کیلئے ’ٹُو ڈو لسٹ‘ فیچر متعارف کرا دیا

کم روشنی یا میکرو شاٹس کے لیے ایف 1.5 کا انتخاب کیا جاسکتا ہے جبکہ کسی منظر کو زیادہ فوکس کرنا ہو تو ایف 2.4 زیادہ بہتر انتخاب ثابت ہوگا۔

ایس نائن پلس کا ایک کیمرہ ایف 2.4 آپرچر لاک ہوگا تاکہ زیادہ زوم کرنے یا پورٹریٹ فوٹوز میں مدد مل سکے۔

اسی طرح فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرہ بہت زیادہ شاندار تو نہیں، مگر لیکس کے مطابق اس میں سپر سلوموشن 960FPS ویڈیو سپورٹ موجود ہے۔

اسی طرح ایکسینوس 9810 پراسیسر (مختلف ممالک میں اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دستیاب ہوگا) اس فون کا حصہ ہے۔

اور ہاں اس بار فون کے نئے رنگ جیسے کورل بلیو، مڈنائٹ بلیک، پرپل اور ٹائیٹنیم گرے وغیرہ بھی دیئے جائیں گے۔

یہ فون رواں ہفتے متعارف کرائے جانے کے بعد ممکنہ طور پر اگلے ماہ کے پہلے عشرے میں مختلف ممالک میں فروخت ہونا شروع ہوگا اور اس کی قیمت تو ابھی واضح نہیں تاہم توقع کی جارہی ہے کہ ایک ہزار ڈالرز سے شروع ہوگی۔