نقیب اللہ کی ہلاکت پہلا ماورائے آئین قتل نہیں:فاروق ستار


کراچی (24نیوز) کراچی میں نقیب اللہ محسود کی مبینہ مقابلے میں ہلاکت پر فاروق ستاربھی بول پڑے، ان کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کی ہلاکت پہلا ماورائے آئین قتل نہیں ، پولیس افسران کی تنخواہ بند ہونے سے کچھ نہیں ہوگا ، ہمارے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں مبینہ مقابلے پر پولیس والوں کے استعفوں سے اور پولیس افسران کی تنخواہ بند ہونے سے کچھ نہیں ہوگا ،وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سے بھی استعفیٰ لیا جائے اور ان کا کڑااحتساب کیا جائے ۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے ووٹ ایم کیوایم پاکستان کے پاس ہیں،ہمارے خلاف جھوٹے اوربے بنیادمقدمات ہیں،جھوٹے مقدمات میں تاریخ پر تاریخ ملتی ہے،اگرمقدمات سچے ہوں تو انصاف کی فراہمی میں وقت نہیں لگتا، کراچی آپریشن کامطالبہ ایم کیوایم نے کیاتھا،کراچی آپریشن سے شہر میں امن قائم ہوا، انہوں نے کہا کہ پولیس والوں کی تنخواہ بندکرنے سے کچھ نہیں ہوگا،وزیرداخلہ اوروزیراعلیٰ سندھ کی تنخواہ بھی بندکی جائے۔