موسمی انفلوئنزا نے ملتان میں مزید 3جانیں لے لیں، تعداد 27 ہوگئی


ملتان (24نیوز) موسمی انفلوئنزا نے ملتان کے نشتر ہسپتال میں مزید تین جانیں لے لیں، جس کے بعداس خطرناک وبا سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وہاڑی کی رہائشی 38 سالہ فرحین اور ملتان سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ فرزانہ بی بی نے نشتر ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں انفلوئنزا سے لڑتے لڑتے اپنی جان کی بازی ہار دی، دوسری جانب مظفر گڑھ کا رہائشی 40 سالہ راشد آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج رہنے کے بعد موت کے سامنے بے بس ہو گیا۔

ملتان کے نشتر ہسپتال میں پانچ ہفتے کے دوران اس مرض کے ہاتھوں اپنی جان گنوانے والوں کی تعداد 27 ہوگئی، اس وقت بھی نشتر ہسپتال میں ایچ ون این ون کے شبہہ میں 24 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 12 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 8 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، جب کہ ان میں سے 4 افراد انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں۔

مریضوں کے لواحقین اور شہری وزیر اعلی پنجاب سے انفلوئنزا کے مریضوں کے لئے جنوبی پنجاب کے دورے اور خصوصی امداد کے اعلان کے منتظر ہیں۔