نیب کا جعلی سوسائٹیز کی پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ


اسلام آباد (24 نیوز) چیئرمین نیب نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔ نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے، آئی سی ٹی اور ڈپٹی رجسٹرار آفس راولپنڈی سے تفصیل طلب کرلی۔ ٹوینٹی فور نیوز نے بھی جعلی ہاؤسنگ اسکیموں کی آڑ میں لوٹ مار کرنے والے عناصر کی نشاندہی کی۔

نیب کے جاری کئے گئے نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ جعلی ہاؤسنگ اسکیمیں جو کئی دہائیوں سے شہریوں کو لوٹ رہی ہیں، ان کے خلاف آج تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ ہاؤسنگ اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے لوگوں کے کروڑوں روپے ڈوب چکے ہیں، متعلقہ ادارے کیوں خاموش رہے؟

نیب ذرائع کے مطابق نیب نے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کی پشت پناہی کرنے والے اداروں کے افسروں کی فہرست بھی تیار کرلی۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں اب بھی 300 سے زائد غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں موجود ہیں، جنہیں وفاقی ترقیاتی اداروں کی پشت پناہی حاصل ہے۔