نیا پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو ہے:بلاول



کراچی( 24نیوز ) پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے سانحہ ساہیوال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا، سانحہ پیغام ہے کہ نیا پاکستان میں شہری بال، بچوں کے ساتھ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعویداروں کے منہ پر تمانچہ ہے، یہ تحریک انصاف کی گڈ گورننس کا شاخسانہ ہے کہ اتنے بڑے سانحے کے بعد حکومت لاپتہ ہوگئی، ریاستِ مدینہ میں دریائے نیل کنارے مرنے والے کتے کی ذمہ داری خلیفہ وقت اٹھاتا تھا، ریاستِ مدینہ کی پیروی کے دعویدار آج کے حکمران بتائیں سانحہ ساہیوال کا ذمہ دار کون ہے،حکومت کا معاملے کی تحقیقات کے اعلانات درحقیقت ہیڈلائنز گر یبنگ کے علاوہ کچھ نہیں،نیازی سرکار کی تحقیقات پر کسی کو اعتماد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہلخانہ اور وزیروں کو خوش کرنے کیلئے ایس ایس پیز اور آئی جیزکا تبادلہ کرنے والوں سے انصاف نہیں ہوگا،ٹوئٹر والی سرکار دروغ گوئی اور مخالفین پر الزام بازی کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتی،نیا پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو کردیا گیا ہے۔