پاکستان میں ابر رحمت خوب برسا،موسم خوشگوار، ٹھنڈی ہواؤں سے خنکی بڑھ گئی

09:57 AM, 20 Mar, 2018

احمد علی کیف

ویب ڈیسک: بارش کا موسم تقریباً ہر ایک کو پسند ہے۔ چار بوندیں کیا گریں، ہر طرف مناظر کی خوبصورتی نے ڈیرے ڈال لیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، بنوں، ڈی آئی خان، پشاور، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، بالائی فاٹا اور کشمیر میں  چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواوٗں کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

آج صبح ہوتے ہیں بارش کی پھوار نے خوش آمدید کہا۔ بارش کا نام آتے ہی چہرے کھل اُٹھتے ہیں۔ بارشوں کے حوالے سے سب کو انتظار تھا کہ کب شروع ہوں گی۔ آج صبح کی بوندوں نے محکمہ موسمیات کی نویدوں کو سچ ثابت کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:بارشیں، برفباری، لینڈ سلائیڈنگ، محکمہ موسمیات نے نئی پیشین گوئی کر دی 

بارشوں سے ہر طرف ہریالی دیکھنے میں آتی ہے۔ شہروں کی آب و ہوا میں ایک طرح سے شفافی آ جاتی ہے۔ سبھی چہروں پر ایک تازگی سی نمایاں ہو جاتی ہے۔ سانس لیتے ہوئے بھی تسکین مل رہی ہوتی ہے۔

شروع ہونے والا بارشوں کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا اس حوالے سے ابھی تک محکمہ موسمیات نے کوئی خبر جاری نہیں کی۔ لیکن صبح کی بارش سے معلوم ہو رہا ہے کہ یہ سلسلہ جلدی ختم ہونے والا نہیں۔ 

ان بارشوں کے ساتھ ایک اور بھی اہم چیز جڑی ہے۔ یہ بارشیں برسات کے موسم میں نہیں ہو رہیں بلکہ عین موسم بہار میں ہو رہی ہیں۔ ایک طرف موسم کی انگڑائی، دوسری جانب بہار کا سماں اور ساتھ ہی ساتھ یہ بارشیں، موسم کیا قیامت ڈھا رہا ہے۔

پڑھنا نہ بھولئے:اگر آپ کو بارش کا انتظار ہے تو یہ خبر پڑھ لیں

اگر آپ لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو گھر کے اندر مت بیٹھیں بلکہ چھت پر جائیں اور بارش کے مزے لوٹیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، سکھر، لاڑکانہ، ہزارہ، ڈی آئی خان، پشاور، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی ڈویژن اور بالائی فاٹا میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے شہروں  پارہ چنار 15، ڈی آئی خان01 میں، بلوچستان کے شہروں قلات، زیارت 12، بارکھان08، کوئٹہ03، ژوب02، پنجگور، دالبندین01  اور  پنجاب ٹوبہ ٹی سنگھ03، فیصل آباد، جھنگ، لیہ02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم ہزارہ، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں  چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواوٗں کے ساتھ  بارش کا امکان ہے۔

اس دوران  پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

مزیدخبریں