وزیراعظم کی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر آمد، گہرے دکھ کا اظہار


(24 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا امریکی سکول میں فائرنگ کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی ناگہانی موت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار، انکا کہنا ہے کہ انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔

24 نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ‏امریکی ریاست ٹیکساس کے سانٹا فے سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر گئے اور سبیکا شیخ کے والدین سے سبیکا کی ناگہانی موت پر گہرے رنج، دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ملک میں سول سروسز اور گورننس کا نظام ٹھیک کریں گے: عمران خان

وزیر اعظم نے کہا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم سبیکا کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے، اللہ تعالیٰ سبیکا کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتہاپسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، ایسے رجحانات پر قابو پانے کے لیے جہاں انکی اصل وجوہات تلاش کرنے اور ان اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے وہاں بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔