"اپوزیشن کا اکٹھ قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے"



اسلام آباد(24 نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کے اکٹھ کو قوم کے ساتھ سنگین مذاق قراردےدیا، کہتی ہیں جن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے وہ کیسے ملک اور قوم کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، مسائل پیدا کرنے والوں کا حل دینے کی بات کرنا قوم سے سنگین مذاق ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کے افطارڈنراور مشترکہ پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی اپوزیشن رہنماؤں کے ذاتی مفاد کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو وہ جمہوریت کا رونا روتے ہیں، مولانا کو اے پی سی کا ٹھیکہ اسی طرح فلاپ ہوگا جیسے ایم ایم اے کی سیاسی کشتی انتخابات میں ڈوبی تھی۔دو لوگ اپنی کرپشن بچانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہےہیں۔

ایک دوسرے کو جیل پہنچانے کے ذمہ داروں نے افطار کے نام پر ایک دوسرے کو این آر او دینے کی منصوبہ بندی کی، جمہوریت کی باتیں کرنے والوں کے منہ سے حکومت گرانے کی باتیں کون سی جمہوریت ہے، اس ملک کو تباہ کرنے پر قوم سے معافی مانگنے کی بجائے وہ صرف اور صرف اپنی دولت بچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، آج مولانا فضل الرحمان کی موجودگی جنہیں عوام مسترد کرچکے ہیں اس بیٹھک کے کھوکھلے پن کو ظاہر کرتی ہے۔