سابق وزیر اعظم نوازشریف نے ایک بار پھر عدالت سے رجوع کرلیا

سابق وزیر اعظم نوازشریف نے ایک بار پھر عدالت سے رجوع کرلیا


اسلام آباد(24نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا معطلی کے لیے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ احتساب عدالت کی 24 دسمبر 2018 کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جس پر فیصلے تک سزا معطل کر کے طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز کی رائے ہے کہ نواز شریف کو متعدد جان لیوا امراض لاحق ہیں جب کہ درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس اور ڈاکٹرز کی رائے کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیاسی مخالفین اور حکومتی افراد نے پروپیگنڈا کیا کہ علاج کے لیے ضمانت کی درخواست این آر او ہے اور سزا معطلی کی درخواست کو این آر او کہنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔  اگر سزا معطل کی گئی تو اس سے پراسیکیوشن کے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔سابق وزیراعظم کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست میں نیب، جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے گزشتہ سال سابق وزیراعظم کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ان کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی استدعا کی گئی ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer