آج کے مذاکرات سے بریک تھرو ملنے کا امکان ہے:احسن اقبال


اسلام آباد(24 نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دھرنا ختم کرانے کے حوالے سے آج کے مذاکرات سے ہمیں بریک تھرو ملنے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری خوش فہمی تھی نکہ ایسی صورتحال نہیں آئے گی ، آج کے مذاکرات سے ہمیں بریک تھرو ملنے کی امید ہے۔

انھوں نے کہا کہ عدالت نے ہمیں جمعرات کو طلب کیا ہے ،خون خرابے سے بچنے کے لئے عدالت سے مہلت مانگی ، علما کرام کو آج بلایا ہے تا کہ مسئلہ حل کرایا جا سکے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دھرنے کی تصاویر پاکستان دشمن عناصر استعمال کررہے ہیں ، تحریک لبیک نے دھرنا نہ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی ، ختم نبوتﷺ کا قانون پہلے زیادہ موثر ہوگیا۔

انھوں نے کہا کہ دھرنے سے لوگوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں ، دھرنا ختم کرانے کے لئے عدالت سے کچھ وقت مانگا ہے ، سازشی چاہتے ہیں لال مسجد ، ماڈل ٹاؤن جیسا سانحہ ہو ، ہم چاہتے ہیں علما کرام پرامن طور پر مسئلہ حل کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ دھرنا خون اور آگ سے کھیلنے کی سازش ہے ، طاقت کے استعمال سے خونریزی کا خدشہ تھا۔