نا اہل شخص کی پارٹی صدارت کیخلاف اپوزیشن کا بل، ن لیگ کی حکمت عملی تیار


 اسلام آباد (24 نیوز): نا اہل شخص کی پارٹی صدارت کیخلاف اپوزیشن کے بل سے متعلق قومی اسمبلی میں ہونیوالے کل کے اجلاس کیلئے ن لیگ نے حکمت عملی تیار کر لی، تمام حکومتی ارکان کی حاضری یقینی بنا کر بل کسی صورت منظور نہیں ہونے دیا جائیگا۔

 

اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی وزراء کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کل قومی اسمبلی میں نا اہل شخص کی پارٹی صدارت کیخلاف اپوزیشن کے بل سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ حاضری بنا کر نواز شریف مخالف قوتوں کو سخت پیغام دیا جائے گا، حکومتی ارکان کو اسمبلی میں لانے کی ذمہ داریاں وفاقی وزراء کو تفویض کی گئیں ہیں۔

 

حکمت عملی کے مطابق ہر وزیر دس دس ارکان کو خود فون کرکے اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کا کہے گا، بیرون ملک ارکان کو واپس بلانے کیلئے وزیر اعظم ہاوس سے ابھی فون کیے جائیں گے، خواتین ارکان کو ایوان میں لانے کی ذمہ داری سائرہ افضل تارڑ اور مریم اورنگزیب کے سپرد کی گئی ہے۔

 

اجلاس میں دھرنے کا معاملہ مذاکرات اور پُر امن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔