خاتون کی پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں اور گالیاں

خاتون کی پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں اور گالیاں


اسلام آباد(24نیوز) اسلام آباد میں خاتون ڈرائیور نے بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کے ساتھ ڈپلومیٹک انکلیو میں جانے کی کوشش کی، روکنے پر پولیس کو دھمکیاں دیں،شورشرابا کیا اور گالیاں دیں،  پولیس نے مقدمہ درج کرکے خاتون کی تلاش شروع کردی۔

قانون پر عمل درآمد سب کی اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے  مگر یہ کیا کہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقعہ ڈپلومیٹک انکلیو کے پولیس ناکے پربغیر نمبر پلیٹ گاڑی روکنے پر خاتون ڈرائیور طیش میں آگئیں اور پولیس کو کھری کھری سنا دیں۔ خاتون ڈرائیور نے موقع پر اہلکاروں کو یہ دھمکی بھی دے ڈالی کہ روکنے پر وزیر کو بتا کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خاتون ڈرائیور کی بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کے ساتھ ڈپلومیٹک انکلیو میں جانے کی کوشش فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔

خاتون ڈرائیور کی شناخت ڈاکٹر شہلا شکیل کے نام سے ہوئی جو راولپنڈی کی سرکاری اسپتال میں تعینات ہیں۔ پولیس نے سیکورٹی ڈویژن کے اے ایس آئی طاہر فاروق کی مدعیت میں خاتون ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا  جس میں دھمکیاں دینے،شورشرابا،ہنگامہ آرائی سٹرک بلاک کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کی مختلف دفعات شامل کی ہیں۔

چھ بچوں کی ماں ملزمہ ڈاکٹر شہلا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ نظام میں خرابی دیکھ کر طیش میں آئی،  ملزمہ کوتھانہ ویمن منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں آج ہی ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔