"پاک فوج نے بھارتی فورسز کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور کردیا"



سیالکوٹ ( 24نیوز )معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی فوج سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوئی، پاکستان بھارتی طیارہ گرا کر اپنی صلاحیت ثابت کر چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی فوج سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوئی، پاکستان بھارتی طیارہ گرا کر اپنی صلاحیت ثابت کر چکا ہے، بھارت کو پاکستان کی بروقت اور موثر کارروائیوں کا اندازہ ہے، اداروں کو بہتر بنانے کی وزیراعظم کی ترجیحات کامیابی سے ہمکنار ہو رہی ہیں۔

معاون خصوصی کا کہناتھا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی درآمدات کم اور برآمدات بڑھ رہی ہیں،اپوزیشن کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے،بھارت مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں کو یرغمال بنا کر استحصال کر رہا ہے، ایک طرف برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے،دوسری طرف مٹھی بھر عناصر پاکستان کو فساد اور انتشار کی بھٹی میں جھونکا چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کا ایجنڈا ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کے مترادف ہے ،حکومت معصوم شہریوں کو ایسے عناصر کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ پاکستان میں 10 ہزار جتھےاور ملیشیا کو یونیفارم دے کر میڈیا پبلسٹی کی گئی، مولانا فضل الرحمان پاکستان کو انتشار کی طرف دھکیل رہے ہیں، 27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ کا دن ہے،سیاسی مقصد کے حصول کیلئے 27 اکتوبر کے دن کو چنا گیا، پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں، وزیراعظم پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی کا مزید کہناتھا کہ چینی سرمایہ کاروں نے 5 ارب کی انویسٹمنٹ کی یقین دہانی کرائی ہے، چینی سرمایہ کار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، وزیراعظم عمران خان 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کا افتتاح کریں گے۔