نواز شریف کا جیل آنا جانا لگا رہے گا: فواد چودھری


اسلام آباد(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نہ ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ہوگی پاکستان کا پیسہ واپس لایا جائےگا،نواز شریف کا جیل آنا جانا لگا رہےگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کا جیل آنا جانا لگا رہےگا،فیصلے حق میں آئیں تو ٹھیک خلاف آئیں تو نظام بکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا عمران خان ڈیل کے قائل نہیں، نہ ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ہوگی، نواز شریف کو وہیں پہنچایا جائے گا جہاں کچھ دن پہلے تھے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں،نوازشریف جوخزانہ لوٹ کر لے گئے وہ واپس لایاجائےگا، نوازشریف اور مریم کو باہر نہیں جانے دیں گے۔ نواز شریف اتنے اہم نہیں کہ کسی ملک سے ان کے بارے میں بات کی جائے،ہمیں کسی ملک نے نوازشریف کی رہائی کے بارے میں نہیں کہا۔

 نواز شریف کی ضمانت ہوئی ہے کیس ختم نہیں ہوا، نوازشریف کی ضمانت میں ہونیوالی خامیاں دور کی جائیں گی، اہم بات یہ نہیں ہےکہ نواز شریف جیل میں رہیں، اہم بات یہ ہے کہ جو خزانہ وہ لوٹ کر لے گئے اسے واپس لایا جائے۔علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ نہ ہی حسن، حسین اور اسحاق ڈار کوباہر رہنے دیاجائےگا، بلکہ نواز شریف اور دیگر لوگوں نے جو جائیدادیں باہر بنائیں انہیں پاکستان واپس لایاجائے گا، ان کے پاس پاکستان کے لوگوں کا پیسا ہے  اور ہم پاکستان کے عوام کے پیسے کے امین ہیں، وزیراعظم کے خصوصی معاون کے طور پر شہزاد اکبر کو لوٹی ہوئی دولت لانے کا ٹاسک دیا ہے۔