مومنہ اور مومن کا’’الف‘‘دھوم مچانے کو تیار

مومنہ اور مومن کا’’الف‘‘دھوم مچانے کو تیار


کراچی(24 نیوز)پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں دھوم مچائے ہوئے ہیں،پاکستانی ڈراموں کو بھارت میں بھی بے پسند کیا جاتا ہے، حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان کے ڈرامے ’’ پیارے افضل ‘‘ سے سبھی واقف ہیں، حمزہ علی عباسی کا ایک اور ڈرامہ ’’ الف ‘‘ جلد آن ائیر ہورہا ہے۔

اداکار حمزہ علی عباسی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بہت زیادہ فعال رہتے ہیں اور اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی سرگرمیوں اور ڈراموں سے متعلق آگاہ کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرامہ ’ الف ‘ ایک ایسی مثال قائم کرے گا کہ کیسے ٹیلی ویژن کے میڈیم کو استعمال کر کے لوگوں کی زندگی کا عکس دکھایا جاسکتا ہے اور انہیں خالق حقیقی کے ساتھ تعلق سے جوڑا جاسکتا ہے۔ 

حمزہ علی عباسی نے مزید کہا کہ میں اللہ کا بے حد شکر گزار ہوں کہ ڈرامہ سیریل ’ الف ‘ کے پہلے ٹیزر کا اتنا شاندار ردعمل ملا۔

نامور ہدایت کار حسیب حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا حقیقی اور مجازی محبت پر مبنی ڈرامہ سیریل ’ الف ‘ کا پہلا ٹیزر جاری ہو گیا ہے۔’ الف ‘ کے جاری کردہ ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرامے میں مرکزی کردار خوبرو اداکارہ سجل ’مومنہ سلطان‘ کا کردار نبھا رہی ہیں جو کہ ڈرامے میں بھی اداکارہ کا ہی کردار کر رہی ہیں، اور ان کے ساتھ حمزہ علی عباسی قلب مومن کا کردار ادا کر ہے ہیں جو ڈرامے میں ایک پروڈیوسر ہوں گے۔’ الف ‘ کی کہانی پاکستان کی مشہور مصنفہ عمیرہ احمد کی تحریر ہے جبکہ ڈرامے کی پروڈیوسر ثناء شاہ نواز ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer