دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کی سلیکشن سے مطمئن ہوں: سرفراز احمد

دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کی سلیکشن سے مطمئن ہوں: سرفراز احمد


لاہور(24نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کی سلیکشن سے مطمئن ہیں، انھوں نے کہا فواد عالم کو کیمپ کے لیے بلایا تھا لیکن 25 میں سے 16 کھلاڑی سلیکٹ کرنے ہوتے ہیں۔

قذافی سٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن سے مطمئن ہیں، سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے ٹیم میں نئے لڑکوں کو موقع دیا گیا ہے امید ہے سب اچھا پرفارم کریں گے۔

فواد عالم کی سلیکشن نہ ہونے سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز نے کہا کہ فواد عالم کو کیمپ میں بلایا تھا لیکن 25 میں سے 16 کھلاڑی سلیکٹ کرنے ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو سب کو ہی دورے پر لے جاؤں۔ یاسر شاہ سے متعلق سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ یاسر شاہ دستیاب نہیں ہیں اسی لئے شاداب خان کو شامل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئر لینڈ، انگلینڈکے ساتھ پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ میچوں کا شیڈول جاری

انگلینڈ روانگی سے قبل واہگہ بارڈر جانے کے حوالے سے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہاں پریڈ دیکھ کر اور نعرے سن کر کھلاڑیوں میں جوش آتا ہے۔ صحافی نے مزاحیہ انداز میں سرفراز احمد سے سوال پوچھا آپ ٹیم کو لے کر داتا صاحب کیوں نہیں لے جاتے؟ جس پر سرفراز احمد   ہنس پڑے اور کہا کہ داتا صاحب پر لڑکے خفیہ طور پر حاضری دے آتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا ۔