پنجاب اور سندھ میں دھند چھا گئی، ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار


اسلام آباد (24نیوز)  پنجاب اور سندھ میں پھر دھند چھا گئی، ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، کمالیہ ، میاں چنوں، جہانیاں،لودھراں، احمد پور شرقیہ، لاڑکانہ سمیت میدانی علاقوں میں رہا دھند کا راج،پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں رات پھر دھند چھائی رہی۔ ملتان، کمالیہ، میاں چنوں، جہانیاں، لودھراں، احمد پور شرقیہ، لاڑکانہ سمیت میدانی علاقے صبح تک دھند کی لپیٹ میں رہے، لاڑکانہ اور گرد و نواح میں دھند سے حد نگاہ 20 میٹر رہ گئی،جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، گیس کا پریشر کم ہونے سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔

ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، مالاکنڈ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش بھی ہوئی۔

بالائی علاقوں میں برفباری سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، قلات منفی 7، مالم جبہ،اسکردو، پارہ چنار منفی 4 اور گوپس منفی 3 درجہ حرارت کے ساتھ سرد ترین مقامات رہے۔

محکمہ موسمایت کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوارن ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، پنجاب اور سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔