نان اسٹاپ قرضے ، رواں سال قرضوں میں ریکارڈ اضافہ


کراچی(24نیوز) رواں سال بھی نان اسٹاپ قرضے ، قرضوں میں رکارڈ اضافہ ہو گیا بیرونی قرضے اور واجبات 92 کھرب 43 ارب 30 کروڑ تک جا پہنچے،اب ہر پاکستانی اوسطا 1 لاکھ 18 ہزار 622 روپے کا مقروض ہو چکا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے واجب الادا قرضوں اور واجبات کا مجموعی حجم 2017 کے اختتام تک 260 کھرب 97 ارب روپے ہو گیا،، 12 ماہ میں عوام پر قرضے کا فی کس بوجھ 11 ہزار 727 روپے بڑھ گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے قرضوں اور واجبات میں سال کے دوران 25 کھرب 80 ارب روپے کا اضافہ ہوا،مجموعی قرضوں میں بیرونی قرضے اور واجبات 92 کھرب 43 ارب 30 کروڑ روپے ہیں۔

رواں سال ان قرضوں میں 13 کھرب 11 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ وفاقی حکومت کے اندرونی قرضے 10 کھرب روپے کے اضافے سے 168 کھرب 54 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گئے۔

حکومتی اداروں اور کارپوریشنوں کے اندرونی اور بیرونی قرضے 2 کھرب 60 ارب روپے کے اضافے سے 11 کھرب 44 ارب روپے سے تجاوز کر گئے۔ نجی شعبے کے غیر ملکی قرضوں کا حجم 4 کھرب 52 ارب روپے کے اضافے سے 12 کھرب 34 ارب روپے ہو گیا۔