2017ء کی اہم اور مشہور ایجادات


(24 نیوز) دنیا بھر میں 2017 کے دوران مختلف شعبہ جات میں بے شمار اہم اور ضروری ایجادات ہوئیں، جنہوں نے انسانی زندگی کو مزید آسان بنا دیا، بعض ایجادات 2017 کے دوران خصوصی طور پر موضوع بحث بھی بنی رہیں۔

اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ

نیشنل ایروناٹک اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) نے 2017 کے دوران فالکن 9 راکٹ کی صورت میں اہم کامیابی حاصل کی جو اپنے مشن کے بعد کامیابی سے دوبارہ نہ صرف زمین پر لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اسے دوبارہ مشن کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سام سنگ گلیکسی ایس 8

موبائل ٹیکنالوجی میں 2017 کے دوران سب سے بڑی جنگ سام سنگ گلیکسی ایس 8 اور آئی فون 8 کے درمیان رہی، دونوں کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے بھرپور زور لگایا اور صارفین کو بھی نئے موبائل فونز کا بے تابی سے انتظار رہا۔

ای سائٹ تھری

نابینا اور کلر بلائنڈ افراد کے لئے ای سائٹ تھری ڈیوائس کسی نعمت سے کم نہیں۔ ای سائٹ تھری آلہ کلر بلائنڈ افراد کو رنگوں کی شناخت میں مدد دیتا ہے اور نابینا افراد بھی اس آلے کی مدد سے چیزوں کا درست انداز میں تعین کرسکتے ہیں۔ اس آلے کو پہلی مرتبہ 20 جون کو پیرس اور لندن میں متعارف کرایا گیا تھا۔

ہیئر ون

ہر گزرتے دن کے ساتھ کمیونیکشن سیکٹر میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے۔ 2017 کے دوران ہیئر ون کی صورت میں ایسی ایئرپوڈ متعارف کرائی گئی جس نے کافی مقبولیت حاصل کی۔ ہیئر ون ایسی ایئر پوڈ ہے جو بیرونی شور کو مکمل طور پر کنٹرول کرکے صرف وہی آواز سنانے کی صلاحیت رکھتی ہے جو موبائل فون سے سنی جارہی ہو۔

مالیکیولائٹ آئی ایکس

مالیکیو لائٹ آئی ایکس نامی آلہ زخم کی گہرائی اور انفیکشن دکھانے والا انوکھا دستی اسکینر ہے جس کی مدد سے ڈاکٹرز زخم کی گہرائی اور اس سے متاثرہ جسم کے حصے کا اندازہ لگا لیتے ہیں۔ یہ آلہ گزشتہ سال آزمائشی طور پر کینیڈا اور برطانیہ کے 2، 2 اسپتالوں میں ٹیسٹ کیا گیا تاہم 2017 میں اسے مارکیٹ میں متعارف کروا دیا گیا۔