قومی کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس، جوہری اثاثوں کےتحفظ پر اطمینان کا اظہار

قومی کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس، جوہری اثاثوں کےتحفظ پر اطمینان کا اظہار


اسلام آباد (24 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اس امر کا احاطہ کیا گیا کہ پاکستان اپنے جوہری اثاثوں کےتحفظ سےمتعلق آگاہ ہے۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر جنوبی ایشیا میں اسٹرٹیجک استحکام کے لیے کام جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

پاکستان آرمی کے شعبہ اطلاعات عامہ کے مطابق قومی کمانڈ اتھارٹی کا 23 واں اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء دفاع اور داخلہ، چیئرمین جے ایس ایس، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف بحریہ اسٹاف، چیف ایئر اسٹاف، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈوژن، ڈی جی آئی ایس آئی، سیکرٹری خارجہ امور اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔ اجلاس میں اسٹریٹیجک صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ہمسایہ ممالک کی جانب سےملک میں پیداکیے جانے والے خدشات پر بھی غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم اور اجلاس کے دیگر شرکاء نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے والے انجینئرز اور سائنسدانوں کو مبارک باد دی۔ شرکاء نے بابر تھری اور ابابیل میزائل سسٹم کے کامیاب تجربات کو سراہا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کےشرکاء کو قومی سپیس پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو پاور پروگرام اورجوہری ٹیکنالوجی کو توانائی کے حصول سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نیو کلیئر ایپلی کیشن کے زراعت، صحت اور صنعت کےشعبہ میں استعمال کی تعریف بھی کی گئی۔