زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، چائنہ کٹنگ پر فاروق ستار نے آوازاٹھالی

زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، چائنہ کٹنگ پر فاروق ستار نے آوازاٹھالی


کراچی (24 نیوز) زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائینہ کٹنگ کا معاملہ گرم ہوگیا۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے بھی اس مسئلہ پر آواز اٹھا لی۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان قبضہ اور تجاوزات کی روزِ اول سے مخالف ہے۔ کے ڈی اے افسران کی ملی بھگت کے بغیر زمینوں پر قبضے نہیں ہوتے۔ مافیا پلاٹ خرید کر غریبوں کو بیچتی ہے جو جمع پونجی جمع کرکے رقم اکھٹی کرتے ہیں۔ اگر 100فیصد زمینوں پر قبضہ ہوا تو 85 فیصد کٹنگ رشین اور امریکن کٹنگ ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ نے عزم کا اظہار کیا کہ جو بستیاں خالی کرائی گئیں ہم متاثرین کا مقدمہ لڑنے کے لیے وکیل کرکے دیں گے۔ قبضہ مافیا کے جرائم کی سزا اگر غریبوں کو ملے تو ہمیں کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انھوں نے اعلان کیا کہ جمعہ سے بستیوں میں کیمپ لگائیں گے اور ہفتہ کو متاثرین کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔