سیالکوٹ کا منچلہ ناروے سے اپنی کار پہ پاکستان پہنچ گیا


سیالکوٹ (24 نیوز) ناروے میں سیالکوٹ کے نوجوان وقاص کو جب وطن کی یاد آئی تو جہاز کے ٹکٹ کا بھی انتظار نہ کیا۔ اپنی گاڑی نکالی اور 10ملکوں کی مسافت کو چیرتا ہوا پاکستان پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سات سمندر پار وطن کی یاد آ جائے تو دل مچل جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا ناروے میں سیالکوٹ کے نوجوان وقاص کے ساتھ بھی۔

کون ہوائی جہاز کے ٹکٹ کا انتظار کرتا۔ بس گاڑی نکالی اور پاکستان کی جانب سفر شروع کر دیا۔ وقت گزرتا رہا منزلیں کٹتی رہیں۔ نوجوان وقاص بارہ روزبعد پاک دھرتی پر پہنچا تو اس کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔

سیالکوٹ میں چیمبر آف کامرس کے صدر نے ان کا استقبال کیا۔

10ممالک کی سرحد عبور کرنے کے بعد وقاص گھر پہنچا تو والدین کی خوشی قابل دید تھی۔ اہل علاقہ نے پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر دوست احباب بھی سب اکٹھے ہو گئے۔

وقاص سے بھی نہ رہا گیا اور دل کی بات کہہ ہی دی کہ سارے ملک پھرے پر اپنے پاکستان جیسا دیس کوئی نہیں۔

وقاص گھر پہنچا تو والدہ نے گاڑی کے آگے سرسوں کا تیل ڈال کر نظر بھی اتاری۔