امریکہ نے گھٹنے ٹیک دیئے، افغانستان میں فوجیوں کی تعدادنصف کرنے کااعلان

امریکہ نے گھٹنے ٹیک دیئے، افغانستان میں فوجیوں کی تعدادنصف کرنے کااعلان


کابل ( 24 نیوز ) طاقت کے نشے میں مست امریکاکوعقل آگئی، افغان طالبان رہنماؤں کی رہائی کے بعد افغانستان میں فوجیوں کی تعدادنصف کرنے کااعلان کردیا، اُدھرامریکی وزیردفاع شام سے فوجی انخلاکے معاملے پرمستعفی ہوگئے۔

امریکا کا چھوٹے ممالک پر حملے اور قبضے کا شوق افغانستان میں پورا ہوگیا، افغان طالبان کی مزاحمت کے آگے سپرپاور نے گھٹنے ٹیک دیئے، امن کی راہ پر سرپٹ دوڑنے لگا۔ طالبان سے مذاکرات کے بعد امریکا نے افغانستان میں فوجیوں کی تعداد پچاس فیصد کم کرنے کا اعلان کردیا، امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان سے سات ہزار فوجی واپس بلائے جارہے ہیں، جس کے بعد افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم ہوکر سات ہزار رہ جائے گی۔ ایک روزقبل امریکا نے طالبان رہنماؤں کو بھی رہا کردیا تھا۔

دوسری جانب شام میں فوجی انخلا کے اعلان پر ٹرمپ انتظامیہ میں دراڑیں پڑگئیں، وزیر دفاع جیمز میٹس نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا، امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے نئے وزیر دفاع کا اعلان جلد کردیں گے۔ جیمز میٹس نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ کو ہم خیال وزیر دفاع رکھنے کا حق ہے لہذا ان کیلئے بہتر ہے کہ وہ عہدے سے الگ ہو جائیں۔