احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ دینے سے انکار کردیا


اسلام آباد(24نیوز) نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے استثنا نہیں مل سکتا، اہلیہ کی طبیعت خرابی استثناء کا جواز نہیں، احتساب عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

نواز شریف اور مریم نواز نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ انہیں دو ہفتوں کے لیے نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنا دیا جائے، کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہیں اور علاج آخری مراحل میں ہے، وہاں ہونا بہت ضروری ہے۔

درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا تھا کہ 22 فروری کو دو غیر ملکی گواہوں کے بیان لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کئے جائیں گے، لندن جا کر وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی جائے، عدالت نے ملزموں کی درخواست مسترد کر دی،، تحریری حکم نامے کے مطابق اہلیہ کی بیماری کو حاضری سے استثنا کا جواز نہیں بنایا جا سکتا. میڈیکل رپورٹس کے مطابق کلثوم نواز کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے. ان کی کیمیو تھراپی کے 6 سائیکلز مکمل ہو چکے ہیں، بیماری پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ لندن میں وکیل کرنے کے لیے وہاں جانے کی ضرورت نہیں پاکستان میں رہتے ہوئے بھی وکیل کیا جا سکتا ہے۔متعلقہ وزارت کے ذریعے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطہ کر کے وکیل کر لیں۔