امریکہ ناکام،پاکستان اپنا موقف منوانے میں کامیاب ہوگیا


لاہور (24نیوز)پاکستان نے عالمی فورم میں امریکی موقف کو شکست دیدی ہے۔ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی جو تلوار لٹکائی گئی تھی پاکستان اس سے عارضی طور پر بچنے اور تین ماہ کے لیئے معاملہ موخر کروانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
امریکہ کی جانب سے سفارش کی گئی تھی کہ پاکستان کا نام ٹیررسٹ فنڈنگ واچ لسٹ میں شامل کیا جائے اور اس پر پیرس میں جاری فنانشئل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں ووٹنگ ہونا تھی،پاکستان نے اس سے بچنے کے لیئے سفارتی سطح پر کوششیں جاری رکھی ہوئی تھیں اور دوست ممالک سے تعاون کی اپیل کی تھی 150 وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو پاکستان کا کیس پیش کرنے کے لیئے پیرس بھی بھیجا گیا تھا
فنانشئل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو مہلت دیتے ہوئے اس معاملے پر ووٹنگ تین ماہ کے لیئے موخر کر دی ہے اور ایشیا پسیفک گروپ کو کہا ہے کہ وہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے دوبارہ رپورٹ مرتب کرے اور بتائے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 1267 پر کس حد تک عملدرآمد کیا ہے۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہماری کوششیں رنگ لائیں اور اس معاملے کو تین ماہ کے لیئے موخر کر دیا گیا ہے جبکہ ہم اپنے دوستوں کے شکر گذار ہیں۔


واضح رہے کہ پاکستان نے ٹیررسٹ فنڈنگ واچ لسٹ سے بچنے کے لیئے جماعت الدعوہ کے خلاف بھی کارروائی کی اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کا انتظام حکومت نے خود سنبھال لی۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں