شیخ رشید نے وزیر اعظم خاقان عباسی کا چیلینج قبول کر لیا


اسلام آباد (24نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے مناظرے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے ایل این جی کیس کے حوالے سے دستاویزات چیئرمین نیب کے حوالے کردیں۔ نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ میں شاہد خاقان عباسی کی نا اہلی کیلئے درخواست دی تھی تاہم سپریم کورٹ نے کہا کہ کیس کو نیب لے کر جائیں۔ نیب چیئرمین سے آدھاگھنٹہ ملاقات ہوئی جس کے دوران نیب کو وزیر اعظم کی کرپشن کا بتایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مناظرے کا چیلنج قبول کرتا ہوں، کسی بھی جگہ پر وزیر اعظم کے ساتھ مناظرے کیلئے تیار ہوں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اداروں کےخلاف غلط زبان استعمال کی جارہی ہے، ان کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔

شیخ رشید احمد کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ نیب کو تمام معاملات سے پردہ اٹھانا چاہیے، اصل خطرہ اداروں کے خلاف بات کرنے والوں سے ہے،خورشید شاہ کے خطوط کا جواب دینا بھی مناسب نہیں سمجھا گیا، فوج اور عدلیہ کے شان میں گستاخی کرنا انٹرنیشنل ایجنڈا ہے۔