حکومت نے نگران وزیر اعظم کی تلاش شروع کردی


 اسلام آباد(24نیوز) وزیر اعظم اوراپوزیشن لیڈر میں نگران وزیر اعظم خود فائنل کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ حکومت ریٹائرڈ جج کو نگران وزیر اعظم بنانے کے موڈ میں نہیں۔ سول سوسائٹی سے موزوں شخصیت کی تلاش شروع کردی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی رابطے بڑھا دیئے۔

نگران وزیر اعظم کون ہوگا شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ نے تلاش شروع کر دی۔ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر نے نامزدگی کا معاملہ الیکشن کمیشن تک نہ جانے دینے پر اتفاق کر لیا حکومت کی خواہش ہے کسی ریٹائرڈ جج کو نگران وزیر اعظم نہ لگایا جائے۔

وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیر اعظم کے متفقہ نام کے لئے متحرک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اپنے مجوزہ ناموں کی فہرست بھی مرتب کر لی جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے جماعت اسلامی، ق لیگ اور تحریک انصاف سے ابتدائی رابطے مکمل کر لئے ہیں۔

حکمران جماعت نے مختلف شخصیات پر نظریں جما لیں۔ خورشید شاہ نے مشاورت کے لئے خود اتحادیوں کے پاس جانے کا فیصلہ کر لیا۔ اپوزیشن لیڈر پارٹی قیادت اور اپوزیشن جماعتوں سے مشورے کے بعد تین نام وزیر اعظم کو بھجوائیں گے۔