بچی زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا

بچی زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا


 وزیرآباد(24نیوز)محنت کش نیامت کی دنیا ہی اجڑ گئی۔ پولیس بازیاب کرنے میں ناکام ہوگئی۔ ٹوئنٹی فورنیوزمغوی مبین کے گھر پہنچ گیا۔

بچیاں تو سب کی سانجی ہوتی ہیں۔ یہ سب کوپیاری ہوتی ہیں۔ والدین غریب ہوں یا امیر۔ بچوں سے پیار ایک جیسا ہی کرتے ہیں۔

یہ کچے اوربوسیدہ حال کمرے جانوروں کے لئے نہیں ہیں بلکہ وزیرآباد کے گاوں رکھ بھروکی میں رہائش پذیر محنت کش نیامت کے گھر کے ہیں۔ جہاں وہ اپنے بیوی بچوں کےساتھ سر چھپائے زند گی بسر کررہاہے۔ نیامت کی آٹھ سالہ بیٹی مبین فاطمہ کو سات ماہ قبل اغواکرلیا گیا۔

مبین فاطمہ گاوں کے پرائمری سکول میں زیر تعلیم تھی۔ محلے میں دکان سے کھانے کی چیزیں لینے گئی مگر واپس نہ پہنچی۔ بچی کے والدین کاکہنا ہے کہ ان کی کوئی فریاد نہیں سنتا۔ پولیس کے پاس گئے تو رسمی کارووائی کر کے ٹرخادیا۔

بچی کے والدین نے رو رو کر دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہے۔ بچی کیسے تلاش کریں۔ انہوں نے 24 نیوز چینل کے ذریعے وزیراعلی سےمطالبہ کیا کہ جس طرح قصورکی زینب کے قاتل کو تلا ش کیا گیا اسی طرح ان کی بچی کو بھی بازیاب کرایا جائے۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی گم ہوئی اغوا نہیں کیا گیا۔