نقیب اللہ ماورائے عدالت قتل کیس میں ایک اور گرفتاری


 کراچی(24نیوز) مبینہ پولیس مقابلے کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔ سابق ایس ایچ اوعرفان مروت کے گارڈ جمیل عباسی کو گرفتار کرلیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے قائد آباد میں سی ٹی ڈی اور انویسٹی گیشن پولیس نے چھاپہ مارکر پولیس اہلکار جمیل عباسی کو گرفتار کرلیا۔ جمیل عباسی ملیر سٹی تھانے میں تعینات تھا۔ جو ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن عرفان اللہ مروت کا محافظ تھا۔ جمیل عباسی سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

شاہ لطیف ٹاؤن مبینہ جعلی مقابلہ کے معاملے میں سی ٹی ڈی نے نقیب اللہ محسود کے ساتھ مارے جانے والے مبینہ دہشت گرد اسحاق اور صابر کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی نے آئی جی پنجاب سے اسحاق اور صابر نامی ہلاک ملزمان کے جرائم کی تفصیلات مانگ لیں ہیں۔

 پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں ملزمان ایئر پورٹ مہران بیس حملے سمیت پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔ اس سے قبل راؤ انوار کی مبینہ طور پر اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرونِ ملک جانے کی کوشش پر آئی جی سندھ نے بھی معلومات کے لئے خط لکھا تھا۔