نواز شریف کی نا اہلی، اگلا پارٹی صدر کون ہو گا؟


لاہور (24 نیوز) نوازشریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کا اگلا صدر کون ہوگا۔ کلثوم نواز، شہبازشریف یا کوئی اور؟ مسلم لیگ ن کے بڑوں نے سرجوڑ لیے۔

 تفصیلات کے مطابق نوازشریف کے ستارے مسلسل گردش میں ہیں۔ وزارت عظمیٰ سے نااہل ہوئے تو پارٹی صدارت سنبھال لی۔ لیکن بدقسمتی نے یہاں بھی ان کا پیچھا نہ چھوڑا۔ سپریم کورٹ نے انہیں پارٹی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کا نام پارٹی صدارت کے لیے موزوں ترین اور فیورٹ سمجھا جارہا ہے۔ تاہم پارٹی کے اندر شہبازشریف کو بھی صدر بنانے کے حامی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: میاں نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار

ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کو پارٹی صدر بنانے کے حوالے سے یہ توجیح پیش کی جارہی ہے کہ مشرف دور میں جب پارٹی کی ساری لیڈر شپ جیل اور جلا وطن تھی تو وہ کلثوم نواز ہی تھیں جنہوں نے پارٹی کو لیڈ کیا۔شہبازشریف کا نام بھی پارٹی صدارت کے لیے لیا جاتا رہا ہے اور ایک بڑا دھڑا انہیں صدر بنانے کے حق میں ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ نوازشریف کریں گے کہ پارٹی صدر کلثوم نواز ہوں گی یا شہبازشریف ہوں گے۔