پیر سیالوی نے سات روز میں نفاد شریعت کی ڈیڈ لائن دیدی

پیر سیالوی نے سات روز میں نفاد شریعت کی ڈیڈ لائن دیدی


لاہور (24نیوز) پیر حمید الدین سیالوی نے حکومت کو وارننگ دی ہے کہ 7 روز میں شریعت کا قانون نافذ کر دیا جائے ورنہ پورا پنجاب بند کر دیں گے، رانا ثناءاللہ کو استعفیٰ دینا ہی پڑے گا۔
داتا دربار کے سامنے جلسے سے خطاب میں پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ہر شہر میں معصوم بچیوں کو قتل کیا جا رہا ہے، حکومت ابھی تک قاتلوں کو گرفتار کیوں نہیں کر سکی؟ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کو 7 روز کی مہلت دے رہے ہیں، حکومت 7 روز میں شریعت کا قانون نافذ کر دے، اگر شریعت کا قانون نافذ نہ ہوا تو پورا پنجاب بند کر دیں گے۔ پیر سیالوی نے شرکاسے کہا کہ میری وصیت ہے ختم نبوت کی تحریک کو ختم نہ ہونے دینا، اللہ تعالیٰ ہمیں اس تحریک کو آگے بڑھانے کی توفیق دے، عہد کر لیں کہ آج سے جو کچھ بھی کریں گے، سنت کے مطابق کریں گے، اگر سب لوگ خود قرآن و حدیث پر عمل کریں گے تو قانون کے نفاذ کیلئے حکومت کی محتاجی نہیں رہے گی۔
پیر سیالوی نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے قرآن کو سینے سے نہ لگایا، ایسے لوگوں کو ووٹ نہ دینا، اس کانفرنس میں شرکت کر کے خود کو خوش نصیب تصور کرتا ہوں۔ پیر سیالوی نے رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرکے کہا کہ تم اپنے بدمعاشوں کے ہاتھ میں بندوقیں دو، ہم اپنے سینے سامنے کریں گے، میں دیکھوں گا رانا ثنا اللہ تمہارے بدمعاش زیادہ ہیں یا ہمارے سینے زیادہ ہیں، لوگو! نبی پاک کی غلامی سے کبھی منہ نہ موڑنا۔

ویڈیو دیکھیں