حمزہ شہباز کون ہے،میں کسی حمزہ شہباز کو نہیں جانتا:چیف جسٹس


لاہور (24نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کے گھر کے باہر سڑک کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثارنے کہا ہے کہ کون ہے حمزہ شہباز ، میں کسی حمزہ شہباز کو نہیں جانتا ، اگرکسی کی جان کی خطرہ ہے تو رہائش تبدیل کرلے، سپریم کورٹ نے بیریئرز ہٹانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں حمزہ شہباز کے گھر کے باہر سڑک کی بندش کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے چیف سیکرٹری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ سڑک بند کیوں ہے؟،جب میرے گھر کی سڑک بند نہیں تو حمزہ شہباز کے گھر کی کیوں بند ہے ،اس پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ راستہ بند کرنے والا گیٹ ہٹا دیا گیا،اب صرف بیریئرز لگائے گئے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کون ہے حمزہ شہباز ،میں کسی حمزہ شہباز کو نہیں جانتا ،اس پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ حمزہ شہباز رکن قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے بیٹے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو نہیں جانتا ،اگرحمزہ شہباز کی جان کی خطرہ ہے تو رہائش تبدیل کرلیں، اب کوئی گیٹ بند نہیں ہو گا ورنہ حمزہ شہباز کو بلا لیں گے ،انہوں نے کہا کہ میں خود پرائیویٹ گاڑی میں جاکر دیکھوں گا کہ سڑک کھلی ہے یا نہیں ۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں: