ممبئی:فلم فیئر ایوارڈ 2018،صبا قمر کی فلم ہندی میڈیم بہترین قرار


ممبئی (24نیوز) بھارت کے شہر ممبئی میں سجا فلم فیئر ایوارڈ کا میلہ، اس میں بھی بالی ووڈ نے تاثر دیا تعصب کا، فلم ہندی میڈیم کیلئے بہترین اداکار کا ایوارڈ عرفان خان کو تو دے دیا لیکن پاکستانی اداکارہ صبا قمر نامزدگی کے باوجود ایوارڈ سے محروم رہ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ادارکارہ صبا قمر کی بالی ووڈ فلم ہندی میڈیم ہر اعتبار سے ایک اچھی فلم تھی، جس میں اداکارہ صبا قمر کی پرفارمنس کسی سے کم نہیں تھی، فلم کو فلم فیئر ایوارڈ دو ہزار اٹھارہ کیلئے نامزد کیا گیا۔

تقریب میں بہترین فلم کی کیٹیگری کیلئے ورون دھون اور عالیہ بھٹ کی ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘، اکشے کمار اور بھومی پیڈنیکر کی بلاک بسٹر’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘، عرفان خان اور صبا قمر کیہندی میڈیم ‘، ایشوینی ایّر تیواڑی کی ہٹ فلم ’بریلی کی برفی‘ اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور زائرہ وسیم کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں سخت مقابلہ تھا۔

باری ایوارڈ دینے کی آئی تو پاکستانی اداکارہ صبا قمر کو نظر انداز کر دیا گیا، ان کی جگہ بہترین اداکار کا ایوارڈ عرفان خان اور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن کو دے دیا گیا، اسے بھارتی فلم انڈسٹری کا تعصب ہی کہا جاسکتا ہے،جس پر اندھا بانٹے ریوڑیاں بار بار اپنوں کو کی ضرب المثل صادق آتی ہے۔