حافظ آباد: پرائمری سکول مویشیوں کا باڑہ بن گیا


حافظ آباد (24 نیوز) وزیراعلیٰ شہباز شریف کا پڑھا لکھا پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ حافظ آباد میں گنجیانوالہ کا پرائمری سکول مویشیوں کا باڑہ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں گنجیانوالہ کا پرائمری سکول 1996 میں تعمیر ہوا لیکن تعلیمی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں۔ سکول کی کھڑکیاں، دروازے اور سامان چوری ہونے لگا اور مقامی لوگوں نے سکول کی عمارت کو مویشیوں کا باڑہ بنا لیا۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ صوبائی محتسب کے احکامات کے باوجود سکول میں تعلیمی سرگرمیوں کا اجرا نہیں ہو سکا۔ ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کے مطابق سکول کی عمارت سے قبضہ ختم کروانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جلد تعلیمی سرگرمیاں شروع کروادی جائیں گی۔

مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کی تعمیر اور مرمت کے بعد سکول میں درس و تدریس کا عمل شروع کروایا جائے۔