بیماریاں اور گھٹا دور کرنے آگئی ہے بارش!

بیماریاں اور گھٹا دور کرنے آگئی ہے بارش!


اسلام آباد(24نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل خوب برسے، جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہر اقتدار کے حسن کو مزید نکھار دیا،محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی حصوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

اسلام آباد اورراولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش نے جاڑے کی شدت بڑھا دی۔ جڑواں شہروں میں کہیں بوندا باندی توکہیں تیز بارش نے موسم مزید ٹھنڈا ٹھارکر دیا، بادلوں کےبرسنے کے ساتھ ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے موسم کو دلفریب بنایا جبکہ برکھا رت سے شہر اقتدار مزید حسین ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد گولڑہ44،سیدپور39،نیوائیرپورٹ 37 اور زیرو پوائنٹ پر27ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی،مری38،راولپنڈی میں 29 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مالاکنڈ،ہزارہ، مردان،راولپنڈی، گوجرانولہ،لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثرمقامات مزید بارش کا امکان ہےجبکہ پشاور،سرگودھا، فیصل آباد میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی توقع ہے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔