موت سے لڑتی کلثوم نواز کی زندگی کیلئے آرمی چیف کی دعا


راولپنڈی( 24نیوز )سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے وہ موت و حیات کی کشمکش میں ہیں،ان کی اس حالت پر تمام ن لیگی کارکن رنجیدہ ہے،لندن میں ان کی تیمار داری کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے تو نواز شریف کے سیاسی مخالفین اسے ڈرامہ قرار دے کر انسانیت سے گری ہوئی باتیں کررہے ہیں ایسے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ مشکل وقت میں بیگم کلثوم نواز اور ان کے خاندان کے لیے دعاگو ہیں، آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کے لیے گلدستہ بھی بھجوایا اور کہا کہ اللہ تعالی انہیں جلد از جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: کلثوم نوازتاحال بیہوش،وینٹی لیٹر ہٹانے کا فیصلہ نہ ہوسکا
واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کو رواں ماہ 15 جون کو طبیعت خراب ہونے کے بعد ایک بار پھر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک وینٹی لیٹر پر ہیں،دو روز قبل طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضائے رئیسہ درست کام کررہے ہیں، وینٹی لیٹر پر جانے کے بعد ایک بار انہوں نے آنکھیں بھی کھولیں جبکہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے سابق خاتون اول کی نگہداشت کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اسپتال پہنچنے کے بعد سے اب تک انہوں نے بیگم کلثوم کو ہوش میں نہیں دیکھا، دعاو¿ں میں بیگم کلثوم کو یاد رکھنے پر وہ قوم کے شکرگزار ہیں۔