عام انتخابات:وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی بات مان لی

عام انتخابات:وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی بات مان لی


اسلام آباد( 24نیوز ) عام انتخابات کیلئے وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی بات مان لی ہے، وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عام انتخابات کے لیے پاک فوج کے ساڑھے 3 لاکھ اہلکار دینے کی حامی بھرلی۔
ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور الیکشن میں سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو خط لکھ کر پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں،ذرائع کےمطابق وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست کا غیر رسمی جواب دے دیا ہے جس میں عام انتخابات کے لیے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی ہے اور اس کے لیے 2 برسوں کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو بھی بلایا گیا ہے۔ وزارت دفاع نے تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ فوجیوں کو الیکشن ڈیوٹیوں کے لیے طلب کرلیا ہے اور ریٹائرڈ جوانوں کےپاس بھی مکمل اختیارات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  پانامہ لیکس نے اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیا
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کی جائے گی اور پاک فوج کے اہلکار 27 جون کو پرنٹنگ پریس کی سیکیورٹی سنبھال لیں گے، عام انتخابات میں پولنگ سے 4 روز قبل فوج کو بلایا گیا ہے، پاک فوج کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے جب کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔