شادیوں کا سیزن آتے ہی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ شروع

شادیوں کا سیزن آتے ہی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ شروع


24نیوز : رمضان کے بعد شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی سونا بھی مہنگا ہونا شروع ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 سو روپے بڑھ گئی۔

سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت تین سو روپے کے اضافے سے انسٹھ ہزار پانچ سو روپے ہو گئی۔ دس گرام سونا دو سو ستاون روپے کے اضافے سے اکاون ہزار اکاون روپے کا ہو گیا۔ جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت چھیالیس ہزار سات سو ساٹھ روپے فی دس گرام ہو گئی، دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں دس ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم ایسوسی ایشن کے مطابق روپے کی قدر میں اتار چڑھاو کے باعث پاکستان میں سونا مہنگا ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملکی سیاست میں تیزی، غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہو گئی 

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ رک گیا۔ انٹر بینک مارکیٹ میں روپیہ مستحکم رہا،، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہو گیا

 اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 21 روپے 46 پیسے پر مستحکم رہی۔ برطانوی پونڈ کی قیمت 52 پیسے کی کمی سے 159 روپے 30 پیسے اور یورو کی 51 پیسے کی کمی سے 139 روپے 94 پیسے رہ گئی۔

 ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 125 روپے 20 پیسے تک فروخت ہوا تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 50 پیسے کی کمی سے 124 روپے 50 پیسے رہی۔ ایک روز قبل کلوزنگ پر ڈالر 125 روپے کا تھا۔ تقریبا ایک ہفتے کے بعد روپے کی بے قدری کا سلسلہ رکا ہے۔ اس دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر ساڑھے چھ روپے مہنگا ہو چکا ہے۔