’’قانونِ ختم نبوت کو بطور سیاسی ایجنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے‘‘


اسلام آباد ( 24 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی جماعت سیاسی فاشسٹ ہے۔ ختم نبوت کے قانون کو سیاسی ایجنڈہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران گو نواز گو کے نعرے بھی لگ گئے۔

’’عمران خان کی جماعت سیاسی فاشسٹ ہے‘‘

سابق وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ( پاکستان تحریک انصاف) نے ختم نبوت کے قانون کو اصل شکل میں بحال کرنے کے خلاف ووٹ دیا۔ اب اسے سیاسی ایجنڈہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کر سکتا، زعیم قادری 

پی ٹی آئی سربراہ کو بہروپیا قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سو دن میں تبدیلی لانے کے نام پر ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوام اگلے الیکشن میں مسلم لیگ نواز کو واضح اکثریت سے کامیاب کرائیں۔

پریس کانفرنس کے دوران گو نواز گو کے نعرے بھی لگ گئے

احسن اقبال کی پریس کانفرنس میں اس وقت بد نظمی ہوئی جب پی ٹی آئی کے چند کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ جس پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جماعت سیاسی فاشسٹ ہے۔