کراچی آپریشن فوج یا حکومت نے نہیں، میں نے شروع کیا تھا: چودھری نثار

کراچی آپریشن فوج یا حکومت نے نہیں، میں نے شروع کیا تھا: چودھری نثار


راولپنڈی ( 24 نیوز ) سابق وفاقی وزیر چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سامنے ہمیشہ سچی اور کھری بات کی۔ کتنی بار انہیں کہا خوشامدی لوگ وفادار نہیں ہوتے۔

راولپنڈی کے علاقے جتھہ ہتھیال جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ ہمیشہ سچ بولا، جنرل ضیاء، جنیجو اور میاں نواز شریف کے سامنے بھی، میں نے کبھی خوشامد نہیں کی، میاں نواز شریف کو بتا دیا تھا کہ خوشامدی وفادار نہیں، یہ اپنے مفاد کی خاطر آپ کی کوشامد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کر سکتا ، زعیم قادری 

چودھری نثار کا عوامی اجتماع سے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ سیاست میں جھوٹ، منافقت اور کرپشن ہے۔ میرا دامن اس گند سے صاف ہے۔ ساری عمر اصولوں پر سیاست کی۔ عمر کے اس حصہ میں اصول کیسے توڑ دوں۔

انھوں نے بتایا کہ سارک کانفرنس میں مجھے بطو ر وزیر داخلہ شمولیت کے موقع پر بھارتی وزیرداخلہ کی تقریر میں بولنے سے منع کیا گیا تھا مگر اس کو ایسی سنائیں کہ وہ دوبارہ کانفرنس میں نہیں آیا۔

چودھری نثار کا مزید کہنا تھا کہ میرے مقابلہ میں کوئی ٹکٹ والا ہو یا بے ٹکٹا، شکست فاش ہوگی۔ علاقہ کی محرومیاں دور کرنے کبھی نواز شریف یا زرداری نہیں آیا۔اصولوں کی بنیاد پر وزارت داخلہ سے استعفیٰ دیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  تین آرمی چیف گواہ ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں میرا کردار کیا تھا۔ کراچی آپریشن فوج یا حکومت نے نہیں، میں نے شروع کیا۔ مدرسوں کے خلاف باتیں کرنے والوں کو بتایا کہ دہشتگردی مدرسوں سے نہیں ہوتی۔

پڑھنا نہ بھولیں: نواز شریف کے بارے نگران حکومت کا دو ٹوک اعلان 

میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عزت عہدوں سے نہیں ملتی۔ سیاست پیسہ بنانے کے لیے نہیں، عزت کے لیے کی۔ پہلے مسلمان پھر پاکستانی اور پھر سیاست دان ہوں۔

یہ بھی واضح رہے کہ اس موقع پر چودھری نثار علی خان نے جمعہ کی شام 5بجے اہم پریس کانفرنس کرنے کا بھی اعلان کیا۔اس سے قبل انھوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کی بات پر قائم رہنے کے عزم کا بھی اعلان کیا تھا۔