سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کرلی

سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کرلی


اسلام آباد(24نیوز)بحریہ ٹاؤن کراچی کے رہائشیوں اور الاٹیز کیلیے خوش خبری، سپریم کورٹ نےبحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کرلی۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن کراچی عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران بحریہ ٹاؤن کراچی کی پیشکش قبول کرلی جس کے تحت بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو 7 سال میں 460 ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی، سپریم کورٹ نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن 27 اگست تک 25 ارب کی ڈاؤن پیمنٹ کرے گا اور پہلے چار سال میں سوا دو ارب روپے ماہانہ اور باقی رقم تین سال میں ادا کی جائے گی۔

سپریم کورٹ کے مطابق بحریہ ٹاؤن اقساط کی پہلی ادائیگی کی صورت سوا دو ارب روپے کی پہلی قسط یکم ستمبر کو دے گا، سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاون کراچی کو کام کرنے کی اجازت دے دی، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بحریہ ٹاؤن آخری تین سال کی اقساط میں 4 فیصد مارک اپ دے گا، رقم عدالت میں جمع ہوگی پھر اس کو قانون کے مطابق جس کو دینی ہے دیں گے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ رقم کی ادائیگی سے متعلق بحریہ ٹاؤن کے ڈائریکٹر بیان حلفی عدالت میں جمع کرائیں۔ سپریم کورٹ نے کیس کے متعلقہ لوگوں کےخلاف نیب کو ریفرنس دائر کرنے سے بھی روک دیا اور کہا کہ اگر بحریہ ٹاؤن والے ڈیفالٹر ہوئے تو ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے نیب کو پہلے سے تیار ریفرنس کو بھی دائر کرنے سے روک دیا اور کہا کہ کوئی بھی ریفرنس دائر کرنے سے پہلے عدالت کو الگ درخواست دی جائے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer