ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے



اسلام آباد(24نیوز)  ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیرمحمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان نے نور خان ایئر بیس پر مہاتر محمد کا استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کا نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا۔ اس موقع پر  ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر  مہاتیر محمد  صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان  سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں وزرائے اعظم وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جب کہ صنعت کاروں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

80 کروڑ ڈالر کے معاہدے متوقع

مشیر تجارت رزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان کے دوران ملائیشیاء کے کاروباری افراد 80 سے 90 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کے معاہدے کریں گے ۔ ملائیشین کمپنی پروٹان پاکستان میں کار مینو فیکچرنگ کے لیے الحاج گروپ کے ساتھ معاہدہ کرے گی۔ زیادہ تر معاہدے کاروباری برادری کے درمیان ہوں گے تاہم دونوں حکومتوں کے درمیان بڑے تجارتی معاہدے نہیں ہوں گے۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ پاک ملائیشیاء بزنس فورم میں 25 سے 30 کاروباری وفود شریک ہورہے ہیں۔ ملائیشیاء کے ساتھ تین تجارتی معاہدے ہوں گے ای ڈاٹ کو ٹیلی کمیونیکیشن کا معاہدہ کرے گی ۔

پروٹان کارز الحاج گروپ کے ساتھ الیکٹرک کار مینو فیکچرنگ کا معاہدہ کرے گی جب کہ فوجی فوڈز حلال گوشت میں سرمایہ کاری کا معاہدہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ہارون شریف نے کہا کہ ملائیشیاء کے ساتھ لانگ ٹرم تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ تیل و گیس کی ملائیشین کمپنی پیٹروناس پاکستان میں واپسی پر غور کررہی ہے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔