پی ٹی آئی کے رکن اور وفاقی وزیر انتقال کرگئے



کراچی( 24نیوز ) وفاقی وزیرسردار علی محمد مہر انتقال کر گئے،وہ کافی عرصے بیمار تھے،وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹیکس جگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔

تفصیلات کے مطابق ان کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے علی محمد مہر کا انتقال خانپور مہر میں اپنی رہائشگاہ میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا،وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹیکس جگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔

مرحوم سردار علی محمد مہر 12 جنوری 1967 کو خانگڑھ، ضلع گھوٹکی میں پیدا ہوئے، سرادر علی محمد مہر کے والد نام انور علی خان مہر تھا، سردار علی محمد خان مہر نے ابتدائی تعلیم گھوٹکی اور کراچی سے حاصل کی،پہلی مرتبہ 2002 میں قومی و صوبائی اسمبلی رکن منتخب ہوئے، قومی اسمبلی کی نشست سے دستبردار ہوکر وہ 2002 میں سندھ کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔

سردار علی محمد مہر 2008، 2013 اور 2018 میں مسلسل تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے، ان کی سیاسی وابستگیاں، گرینڈ نیشنل الائنس، مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی سے رہیں، 2018 کے الیکشن میں وہ  قومی اسمبلی کی نشست این 205 گھوٹکی دو سے آزاد امیدوار منتخب ہوئے.

سردار علی محمد مہر آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہوئے، ان کو وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس کا قلمدان سونپا گیا۔