عید کے بعد کیا ہوگا؟



لاہور( 24نیوز )آخر کار چپ کا روزہ ٹوٹ گیا،اپوزیشن جماعتیں اکٹھی بیٹھ گئی ہیں ،پہلے دھاندلی کارونا رویا گیا پھر اسمبلیوں میں جاکر حلف اٹھا لیا،اب سب عید کے بعد تحریک چلانے کی بات کررہی ہیں ،کیا یہ تحریک اور اتحاد کامیاب ہوپائے گا- 

نجم سیٹھی شو کے میزبان معروف تجزیہ کار نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ مریم نواز کا بلاول بھٹو کی افطار پارٹی میں شریک ہونا بہت اچھا فیصلہ تھا لیکن ان کو اب قبول کرلینا چاہئے کہ وہ سیاست میں ان ہوچکی ہیں ،پریس بریفنگ میں مریم نواز کو ذاتی کے بجائے سیاسی بیان دینا چاہئے تھا ،سیاست میں کوئی چیز ذاتی نہیں ہوتی ۔ 

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر بہت پریشر ہے دونوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ،نیب مقدمات کا دباؤ  بھی ہے،موجودہ سیاسی کوششیں بھی اس دباؤ کو کم کرنے کی کوشش ہے ۔ 

ماضی میں میثاق جمہوریت پر دونوں جماعتیں عمل نہیں کرپائیں ،عدلیہ بحالی تحریک میں سب سے پہلے سبوتاژ کیا گیا،میاں نواز شریف نے اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ دیا اور پیپلزپارٹی کو کمزور کیا ۔ عدلیہ بحالی کے بعد جوڈیشری نے آزادانہ فیصلے کیے جس کا نقصان یہ ہوا کے پہلے ایک وزیر اعظم کو فارغ کردیا اور دوسرا جاتے جاتے بچا۔ ٹروتھ اور ری کینسیلیشن کمیشن بنانے پر بھی پیپلزپارٹی اور ن لیگ متفق نہیں ہوسکیں ۔ 

سوال یہ ہے کہ عید کے بعد کیا ہوگا؟ اس پر نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت کو سپورٹ کررہی ہے اور اگر اپوزیشن جماعتیں تحریک کا فیصلہ کرتی ہیں تو یہ تحریک اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہوگی ۔ فی الحال تو باتیں نظر آرہی ہیں، زرداری صاحب کو پہلے چھوٹ تھی اب وہ نہیں رہی، وہ سمجھ رہے ہیں کہ اب لائن کٹ گئی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ زرداری صاحب جیل جانے سے پہلے یہ کرتے ہیں یا بعد میں  کیونکہ نیب کے چیئرمین کہہ چکے ہیں کہ جیل میں جانا ہے ۔ 

مسلم لیگ ن کی حالت بھی ایسی ہے جب تک ان کو ضمانتیں ملنے کی امید تھی تب تک خاموش رہے،اب جب کچھ نظر نہیں آیا تو باہر نکلے ہیں ،اگر ہائیکورٹ سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ضمانت مل جائے گی تو کام ٹھنڈا پڑ جائے گا،فی الحال تحریک کی باتیں ہی نظر آرہی ہیں ۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں احتجاجی تحریک کیلئے تیار ہیں مولانا فضل الرحمان تو شروع دن سے سڑکوں پر آنے کی بات کررہے ہیں ،بلاول اور مریم نواز کی باتوں سے تو یہی لگتا ہے کہ وہ ابھی بھی ریلیف ملنے کیلئے پر امید ہیں ۔ 

اظہر تھراج

Senior Content Writer