بھارتی اپوزیشن نے ایگزٹ پول نتائج مسترد کردیے

بھارتی اپوزیشن نے ایگزٹ پول نتائج مسترد کردیے


ممبئی( 24نیوزبھارتی اپوزیشن نے مودی کی کامیابی کی پیش گوئی کرنے والا ایگزٹ پول مسترد کردیا، کانگریس نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا 23مئی کا انتظار کیجئے،ہم آپ کو حیرت میں ڈال دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کانگریس سمیت حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے ایگزٹ پول کے اُن نتائج کو مسترد کر دیا ہے جن میں مودی حکومت کی واپسی کی پیش گوئی کی گئی ہے، اُن کا کہنا ہے کہ مودی حکومت واپس آنے والی نہیں ہے، غیر جانبدار صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے بھی ایگزٹ پول پر سوالات اٹھائے ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے محاذ این ڈی اے کو جتنی نشستیں ملتی دکھائی جا رہی ہیں اتنی نشستوں کی تو خود این ڈی اے کو بھی توقع نہیں۔

کانگریس کے ترجمان راجیو گوڈا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 23 مئی کا انتظار کیجیے ، ہم آپ کو حیرت میں ڈال دیں گے، اُن کے بقول عوام میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور وہ درست رائے ظاہر نہیں کر پا رہے ہیں۔

ان ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کا اتحاد 300 نشستیں حاصل کرسکتا ہے جبکہ بھارت میں حکومت سازی کے لئے 272 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے،اگر ایگزٹ پول صحیح ثابت ہوتے ہیں تو پھر بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ 

M.SAJID KHAN

CONTENT WRITER